ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / چین کو مضبوط فوج کی اتنی ضرورت پہلے کبھی نہیں تھی:صدر شی

چین کو مضبوط فوج کی اتنی ضرورت پہلے کبھی نہیں تھی:صدر شی

Mon, 31 Jul 2017 21:00:23  SO Admin   S.O. News Service

بیجنگ،31جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)چین کے صدر شی جنپنگ نے کہا ہے کہ ان کی فوج چین کو دنیا کی ابھرتی ہوئی طاقت بننے میں معاونت کا بھرپوراعتماد اور صلاحیت رکھتی ہے۔یہ بات انھوں نے اتوار کو خودمختار علاقے اندرون منگولیا میں فوج کے 90ویں یوم تاسیس کے موقع پر چین کی عسکری قوت کے مظاہرے کے طور پر منعقدہ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔یہ تقریب چین کے ذرائع ابلاغ پر براہ راست نشر کی گئی۔ صدر شی نے فوج کی وردی زیب تن کر رکھی تھی اور بغیر چھت کے ایک جیپ میں سوار ہو کر انھوں نے فوجیوں سے خطاب میں کہا کہ ایسے میں جب چینی قوم دوبارہ سے ابھرنے کے عظیم سفر پر گامزن ہے، چین کو ایک مضبوط فوج کی اس قدر ضرورت پہلے کبھی نہیں تھی۔شی چیئرمین سنٹرل کمیشن کے طور پر پیپلز لبریشن آرمی کے کمانڈر بھی ہیں اور وہ اکثر و بیشتر بین الاقوامی منظر نامے میں چین کے قائدانہ کردار کے مقصد کے حصول کا ذکر کرتے رہتے ہیں۔یہ پہلا موقع ہے کہ یوم تاسیس منانے کے لیے اس طرح کی پریڈ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں سامان حرب کی نمائش بھی کی گئی۔
اپنے خطاب میں صدر شی نے ایک بار پھر فوجیوں کو حکمران پارٹی سے وفاداری کا تقاضا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ پارٹی کے احکامات کو سنیں اور ان پر عمل کریں اور اس طرح بڑھیں جس طرف پارٹی اشارہ کرے۔گو کہ چین اپنے فوجی قوت میں اضافے کو خطے میں امن اور استحکام کی ضرورت قرار دیتا ہے لیکن خاص طور پر بحیرہ جنوبی چین میں اس کے عسکری عزائم سے خطے کے چھوٹے ممالک اپنے تحفظات کا اظہار کرتے آ رہے ہیں۔


Share: